اسلام آباد ،بیجنگ (خصوصی نیوز رپورٹر، این این آئی)پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کے ساتھ 3 روزہ مذاکرات 21 جنوری سے شروع ہو ں گے ۔ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد مذاکرات میں شرکت کیلئے چین پہنچ گیا ہے ، وفد میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی ، کسٹمز، سٹیٹ بینک، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کے حکام شامل ہیں۔بیجنگ میں 21 سے 23 جنوری تک ہونے والے مذکرات براہ راست ہوں گے جس میں پاکستانی وفد کی سربراہی وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کریں گے ۔فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ارکان کی تعداد 37 ہے جس میں امریکا، برطانیہ، چین، بھارت اور ترکی سمیت 25 ممالک، خلیج تعاون کونسل اور یورپی کمیشن شامل ہیں۔تنظیم کی بنیادی ذمہ داریاں عالمی سطح پر منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے اقدامات کرنا ہیں۔ پاکستان نظرثانی رپورٹ 8جنوری کو ایف اے ٹی ایف کو بجھوا چکا ہے ۔ پاکستانی وفد مذاکرات سے قبل 20جنوری کو انٹرنل میٹنگ کریگا۔