لاہور،اسلام آباد(کامرس رپورٹر،خصوصی نمائندہ، خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم کسٹمز منایا گیااس موقع پر منشیات نذرآتش کی گئیں۔کسٹمز ہاؤس اسلام آباد میں ہونیوالی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کسٹمز نے دیگر بڑے تجارتی ممالک کے کسٹمز اداروں کیساتھ ملکر سماجی، معاشی اور ماحولیاتی ترقی حاصل کرنے میں بھر پور کردار ادا کیا ۔ خودکار نظام وی بوک کے علاوہ پاکستان کسٹمز نے وی بوک گلو اور پاکستان سنگل ونڈو جیسے نئے اقدامات اٹھائے ہیں جنکے ذریعے تجارت اور سہولت کاری کو بین الاقوامی معیا ر کے مطابق فروغ دینے میں مدد ملی ۔ پاکستان کسٹمز نے پاکستانی عوام کی سماجی، معاشی اور ماحولیاتی تحفظ اورترقی میں نمایا ں کردار ادا کیا ۔تقریب کے بعدآخر میں ضبط شدہ ممنوعہ اشیاء کو تلف بھی کیا گیا۔ادھر لاہور میں کسٹمز کے عالمی دن کی مناسبت سے واہگہ بارڈر پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر پنجاب چودھری سرور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔گورنر پنجاب نے چیف کلکٹر کسٹمز سنٹرل زیبا حئی کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔اس موقع پر محکمہ کسٹمز کے دستہ نے گورنر پنجاب چودھری سرور کو سلامی پیش کی جبکہ تقریب کے اختتام پرکسٹمز کی جانب سے ضبط شدہ سامان تلف کیا گیا۔تقریب کے آخر پرگورنرنے بہترین کارکردگی دکھانے والے کسٹمز افسران وعملہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔