اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیرنونگ رونگ نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے ایک بار پھر ملک وقوم کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، دنیا کی کوئی طاقت ہمارے درمیان دوستی میں دراڑ نہیں ڈال سکتی۔انہوں نے کہا سی پیک خطے میں تبدیلی کا بہترین منصوبہ ہے ، اس کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا افغان تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں، معاملات مذاکرات سے حل کرنے کے حامی ہیں۔نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے پر وزیراعظم نے کہا انتخابات میں ہونیوالے فراڈ کا حل ٹیکنالوجی ہے ، پہلی بار ٹیکنالوجی کے استعمال سے انتخابات کرائیں گے ، ٹیکنالوجی کے استعمال سے الیکشن کو سب تسلیم کریں گے ،حکومت کا اصل کام شہریوں کی زندگی آسان کرنا ہے ۔ وزیراعظم نے نادرا کے نئے موبائل رجسٹریشن وین منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم نے نادرا کے نیشنل ڈیٹا وئیر ہاؤس اور آپریشن روم کا بھی دورہ کیا۔وزیراعظم نے کہا نادرا کے ڈیٹا کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ منسلک کر کے ہم 21 ویں صدی کے بہترین انتخابات کرائیں گے ، اس اقدام سے جعلی ووٹ اور ٹھپہ سسٹم کا خاتمہ ہو گا، نتائج کو سب تسلیم کرینگے ۔ وزیراعظم نے ترجیحاتی شعبوں کے تحت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلاتِ زر بھیجنے میں آسانی اور مزید سہولیات دینے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ترسیلاتِ زر کے بڑھتے ہوئے اعشاریے انکے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کو ظاہر کرتے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا منصوبے کی کڑی نگرانی کیلئے لائحہ عمل بنا کر شکایات کے ازالے کیلئے پورٹل بھی منصوبے کا حصہ بنایا جائے ۔