کابل، نئی دہلی ( اے ایف پی ،نیٹ نیوز ) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گز شتہ روز افغانستان کا اچانک اور غیر علانیہ دورہ کیا ہے ۔ انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی اور طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا ۔ کابل میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بھی افغانستان میں امن اور خطے میں استحکام کے حوالے سے اہم کردار ہے اہم پیشرفت ہوئی اور ہم پاکستان کی جانب سے عملی اقدامات اور تعاون سمیت کسی بھی معاہدے پر عملدرآمد کے خواہاں ہیں ۔افغانستان میں بلا تاخیر صدارتی انتخابات ہونے چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے افواج نکالنے کیلئے تیار ہیں طالبان کو بھی بتا دیا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی تاریخ دے سکتا ہوں نہ ہی اس پر کوئی اتفاق ہوا ہے ۔بعد ازاں مائیک پومپیو3روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے ۔ پو مپیو آج بھارتی ہم منصب سشما سوراج اور وزیراعظم مودی سے ملاقات کرینگے ۔