دنیا بھر میں معروف میگزین ڈھاکہ ٹریبون نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کو رہائش کے لئے دنیا کا سستا ترین ملک، سوئٹزرلینڈ کو دنیا کا اور بنگلہ دیش کو جنوبی ایشیا کا مہنگا ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔ فوبز میگزین کی 2018ء کی ایک رپورٹ میں دنیا بھر میں سیاحت کے حوالے سے 10بہترین ممالک میں پاکستان کو آٹھویں نمبر پر شمار کیا گیا تھا۔ دنیا کی بلند ترین چوٹیاں دنیا بھر کے کوہ پیمائوں کی اولین ترجیح ہیںتو شمالی علاقہ جات کے قدرتی مناظر دنیا بھر میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ دنیا کا چوتھا بڑا صحرا بھی پاکستان کو سیاحت میں نمایاں حیثیت دلاتا ہے۔ بدقسمتی سے امریکہ کی دہشت گردی کے خلاف نام نہاد جنگ کے منفی اثرات پاکستان کے سیاحت پر بھی پڑے مگر پاکستانی قوم کے عزم اور پاک فوج کی لازوال قربانیوں کے بعد دنیا پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کا اعتراف کر رہی ہے ۔ گزشتہ دنوں برطانیہ نے اپنے شہریوں کے لئے پاکستان میں سفر محفوظ قرار دیا ہے۔حکومت سیاحت کے فروغ کے لئے نہ صرف سیاحتی مقامات میں جدید سہولیات اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے بلکہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کے فروغ کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں اب پاکستان کو رہائش کے حوالے سے سستا ترین ملک قرار دینے کے بعد بین الاقوامی سیاحوں کی دلچسپی پاکستان میں مزید بڑھے گی۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت سیاحوں کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کے ساتھ بنیادی سہولیات بھی فراہم کرے تاکہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیقیمتی زرمبادلہ کا حصول ممکن ہو سکے۔