اسلام آباد، کوئٹہ (خبر نگار خصوصی، این این آئی، آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کی صورتحال تشویشناک نہیں تاہم حد درجہ احتیاط کی ضرورت ہے ۔ فرانس سمیت بہت سے ممالک میں صورتحال پھر تشویشناک ہورہی ہے ۔کوئٹہ کے ایک روزہ دورے کے دوران گورنر ہاؤس میں گورنر بلوچستان سے گفتگوکرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے بلوچستان میں کورونا کی روک تھام کیلئے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت ذمہ دار قوم ہمیں احتیاطی تدابیر کا دامن تھام کر رکھنا ہے ۔ بعدازاں گورنر ہائوس میں زرعی ترقی و توسیع سے متعلق منعقدہ اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرنے کہاکہ بلوچستان میں زرعی ترقی کے بے پناہ مواقع ہیں جسے بہتر حکمت عملی سے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔صوبے میں کراپس ایڈنٹی فکیشن کے لئے سپارکو سے قریبی رابطہ قائم کرکے جدید تکنیک سے فائدہ اٹھایا جائے ۔ دورے کے موقع پر صدر مملکت کے ہمراہ انکی اہلیہ ثمینہ عارف علوی بھی تھیں۔