لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی سی بی نے پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا، 33 میچوں پر مشتمل ٹورنامنٹ کراچی کے تین وینیوز پر 8 سے 31 جنوری تک کھیلا جا ئے گا، ٹورنامنٹ میں شریک چھ ٹیموں کے سکواڈز کا بھی اعلان کر دیا گیا ، پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 5 ملین ، رنرز اپ کو 2.5 ملین روپے ملیں گے ، ایک ملین روپے بہترین پرفارمرز کے درمیان یکساں تقسیم کیے جائیں گے ، سیمی فائنلز اور فائنل سمیت 13 میچز پاکستان میں براہ راست نشر کئے جائیں گے ۔ قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس میں ریڈ بال کرکٹ کے بعد اب ڈومیسٹک کرکٹ میں وائٹ بال کرکٹ ٹورنا منٹ پاکستان کپ 8 جنوری سے شروع ہو رہا ہے ۔میچز کراچی کے تین وینیوز این بی پی سپورٹس کمپلیکس ، سٹیٹ بنک سٹیڈیم اور یوبی ایل سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے ۔ سٹیٹ بنک اسٹیڈیم 29 اور 30 جنوری کو سیمی فائنلز اور 31 جنوری کو فائنل کی میزبانی کرے گا۔