کراچی (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے بحری جہازعالمگیرنے ایلوٹ ہیلی کاپٹرکے ساتھ عمان کی بندرگاہ صلالہ کا دورہ کیا۔ یہ دورہ پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول (RMSP) کے تحت بین الاقوامی سمندرمیں تعیناتی کا حصہ تھا، ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کامقصد حساس چوک پوائنٹس کے اطراف بین الاقوامی تجارت کی روانی کو یقینی بنانا ہے ، پی این ایس عالمگیرجدید ترین ہتھیاروں اورسنسرزسے لیس ہے اورکثیرخطرات میں متعدد سمندری آپریشنزکرنیکی صلاحیت کاحامل ہے ،صلالہ پہنچنے پرپی این ایس عالمگیرکاپرتپاک استقبال کیا گیا،اس موقع پرعمان میں پاکستان کے دفاعی اتاشی بھی موجود تھے ،بندرگاہ پرقیام کے دوران کمانڈنگ آفیسرپی این ایس عالمگیرنے سدرن نیول ایریا کمانڈراورڈپٹی کمانڈر11 انفینٹری بریگیڈ آف رائل نیوی آف عمان سے ملاقات کی اورچیف آف دی نیوسٹاف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کی جانب سے رائل نیوی آف عمان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔بندرگاہ پرقیام کے دوران استقبالیہ عشائیہ کابھی اہتمام کیا گیا جس میں مسقط میں قیام پذیرنمایاں پاکستانی شخصیات،عمان کی مسلح افواج کے افسران اورجوانوں نے شرکت کی،جنوبی نیول ایریا کمانڈرنے تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی،بعد ازاں بحری جہازکوعوام کیلئے کھول دیا گیا،رائل نیوی آف عمان کے عملے اورمسقط میں پاکستانی افراد نے بحری جہازکا دورہ کیا،دورے کے اختتام پرپی این ایس عالمگیرنے رائل نیوی آف عمان کے جہاز الراسخ کیساتھ مشترکہ مشق میں بھی حصہ لیا۔