اسلام آباد (وقائع نگار، وقائع نگار خصو صی ،خبر نگار خصو صی ،92 نیوز رپورٹ ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اتنی جدوجہد کے بعد ہم پاگل ہیں جو کسی سے ڈیل کر لیں، سوات جلسے میں میری اور پارٹی کی نمائندگی شہبازشریف نے کی، مجھے کشمیر الیکشن کی ذمہ داری دی گئی ہے ، شاہد خاقان عباسی کے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے بہت بڑے مقاصد حاصل کرلئے ، جب حساب کتاب کا وقت آئے گا تو حساب کتاب ضرور ہوگا، قوم سب جان چکی ہے ، یہ حکومت جب جائے گی دوبارہ نہیں آئے گی، کیوں کہ پوری پی ٹی آئی آپس میں گتھم گتھا ہے ۔ مریم نواز نے کہا کہ آزادکشمیر میں منصفانہ انتخاب ہوئے تو ن لیگ جیتے گی، مجھے ایسا ہی لگ رہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تیاری کرلی گئی ، بلوچوں کے تحفظات کو دور ہونا چاہئے ، بلوچ اتنے پاکستانی ہیں جتنے میں اور آپ ہیں ،خارجہ پالیسی کو سیاسی سٹینڈنگ کے ساتھ لنک نہیں ہونا چاہیے ۔دریں اثنامریم نواز نے نون لیگی رہنما عابد شیر علی کی اہلیہ کی اچانک وفات پر گہرے دْکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے نواز شریف کی ماسک لگائے عابد شیر علی کو حوصلہ دیتے ایک تصویر ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی اور کہا کہ عابد شیر علی کی اہلیہ کی اچانک موت نے مجھے غمزدہ کر دیا ۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایل این جی ریفرنس میں عدالت میں پیشی کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آج تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے ، نیب کو چلا لیں یا ملک کو چلا لیں نیب کے ہوتے ہوئے ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ 6 دن ایل این جی بند کرنے سے پورا ملک بیٹھ گیا۔