مکرمی !لاہور میں نام نہاد وکلاء نے اخلاقیات کی ساری حدیں پار کرلیں، LLB کی ڈگری لے کر وکیل بن جانے والوں نے آج دنیا کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کردیا اورپہلی بار ہسپتال پر وکلا ء کی جانب سے شدید قسم کا بیرونی حملہ کیا گیا، توڑ پھوڑ اور عملے و مریضوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا جس کے نتیجے میں متعدد مریض جاں بحق ہوگئے،مصدقہ اطلاعات کے مطابق آپریشن تھیٹر میں موجود مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ کسی بھی ریاست کی ناکامی صرف قانون کی کمزوری سے ہی مراد لی جاتی ہے۔ ریاست چلانے والے اگر چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی و خوشحالی کے ٹریک پہ رہے تو قانون کی بلاتفریق عملداری یقینی بنانا ہوگی۔ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ذمہ داران کو بلا تفریق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تب ہی قانون کی بحالی بھی ممکن ہے اور حکومت سے نااہلی کا ٹھپہ بھی ہٹ جائیگا ورنہ ابتک کی صورتحال سے تو یہی معلوم ہوتا ہے کہ تبدیلی تو نہیں آئی کپتان صاحب خود تبدیل ہوکر روایت میں ضم ہوگئے ہیں۔ (انشال راؤ)