اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیابھرمیں پاکستان کے تمام ہائی کمشنرز اور سفیروں پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مسئلہ اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو ہر سطح پر اجاگر کریں۔ گزشتہ روز صدرمملکت نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کے گجرات میں ہٹلر درسی کتب کا ہیرو ہے ،آر ایس ایس اور بی جے پی کا ایجنڈا ہٹلر اور نازی ازم کے نظریے سے متاثر ہو کر وضع کیا گیا۔عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئے ۔دریں اثناصدرمملکت سے ملائیشیا کیلئے پاکستان کی نامزد ہائی کمشنر آمنہ بلوچ نے ملاقات کی ۔ اس موقع پرصدرمملکت نے آمنہ بلوچ سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو بالخصوص سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں تبدیل کر سکتے ہیں، اس حوالے سے پاکستان میں موجود مواقع کو ملائیشیا میں بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جانا چاہئے ۔ صدر مملکت نے نامزد ہائی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ ملائیشیا میں پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو اجاگر کریں اور ملا ئیشین سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور طور پر استفادہ کرنے پر قائل کریں۔ صدر مملکت نے پاکستان کے تمام ہائی کمشنرز اور سفیروں پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مسئلہ اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو ہر سطح پر اجاگر کریں۔