لاہور، اسلام آباد ، کراچی ، پشاور، کوئٹہ (نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر،کامرس رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ،این این آئی )پنجاب سے سینٹ کے تمام 11 امیدواربلامقابلہ منتخب ہوگئے ۔پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کے 5،5 جبکہ (ق) لیگ کا ایک امیدوار شامل ہے ۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق جنرل نشستوں پرمسلم لیگ (ن) کے مشاہداللہ مرحوم کے بیٹے افنان اللہ ،ساجدمیر،عرفان صدیقی جبکہ پی ٹی آئی کے سیف اللہ نیازی، اعجازچودھری اورعون عباس بلامقابلہ سینیٹرمنتخب ہوگئے ۔ٹیکنوکریٹ کی نشست پر (ن) لیگ کے اعظم نذیر تارڑاورپی ٹی آئی کے بیرسٹر علی ظفر کامیاب ہو گئے ،خواتین کی دونشستوں پر ن لیگ کی سعدیہ عباسی اورپی ٹی آئی کی ڈاکٹرزرقابلامقابلہ کامیاب ہوگئیں۔مسلم لیگ ق کے کامل علی آغا بھی سینیٹر منتخب ہوگئے ۔نوٹیفکیشن3 مارچ کے بعد جاری کیا جائے گا۔ادھر کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری دن سندھ سے پیپلز پارٹی کے 3، پی ٹی آئی کے 9،ایم کیو ایم کے 4 اور جی ڈی اے کے ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ، سندھ سے مجموعی طور پر 17 امیدوار میدان میں رہ گئے جن میں پیپلز پارٹی کے 11، تحریک انصاف ، ایم کیو ایم 2،2جی ڈی اے اور ٹی ایل پی کے 1،1 امیدوار شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے 9 امیدوار دستبردار ہوگئے جن میں محمود مولوی، اشرف قریشی، عمید علی جونیجو، ثمر علی خان، حنید لاکھانی، حسن بخشی،فضہ ذیشان، سرینا عدنان اور ارم بٹ شامل ہیں۔ فیصل واوڈا عمومی نشست پر اور سیف اﷲ ابڑو ٹیکنو کریٹ کی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔ ایم کیو ایم کی سبین غوری، ظفر کمالی، خواجہ سہیل منصور اور شہاب امام نے بھی کاغذات واپس لے لیے جبکہ عامر خان اور عبدالقادر خانزادہ پہلے ہی دستبردار ہوچکے ، فیصل سبزواری جنرل سیٹ اور خالدہ اطیب خواتین کی نشست پرایم کیو ایم کی امیدوار رہ گئی ہیں۔ پیپلز پارٹی کی خیرالنسا ، فرزانہ حنیف اور شہادت اعوان نے کاغذات واپس لے لیے ۔ پیپلز پارٹی کے جنرل نشست پر صادق علی میمن، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، دوست علی جیسر، جام مہتاب، تاج حیدر، شہادت اعوان، خواتین نشست پر پلوشہ خان ، رخسانہ پروین جبکہ ٹیکنو کریٹ کیلئے فاروق نائیک اور کریم خواجہ امیدوار ہیں۔ جی ڈی اے کے جنرل نشست پر امیدوار پیر صدر الدین شاہ کے کورنگ امیدوار سردار رحیم دستبردار ہوگئے ۔سندھ کی 7 جنرل سیٹوں پر 10، ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں پر4 اور خواتین کی 2 نشستوں پر3امیدوار میدان میں ہیں۔ بلوچستان سے 4 امیدوار دستبردار ہوگئے ،12نشستوں پر 32امیدوار مدمقابل ہوں گے ۔ کاغذات واپس لینے والوں میں بلوچستان عوامی پارٹی کے اور نگزیب جمالدینی،شانیہ خان، خلیل جارج اور پی ٹی آئی کے ظہور آغا شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا سے 11امیدواروں کے کاغذات واپس لینے کے بعد 12نشستوں پر25 امیدوار میدان میں ہیں۔ کاغذات واپس لینے والوں میں نصر اللہ وزیر، فرحت اللہ بابر، دوست محمد خان، نجی اللہ خٹک، رضوان خان، حامد الحق، شکیل آفریدی، ،مینا خان، فرزانہ جاوید، شازیہ طہماس، مسرت جبین، فرح خان، دلروز خان ، محمد علی سیف ، اریش کمار شامل ہیں۔ ٹیکنو کریٹ کی دو نشستوں پر فرحت اللہ بابر، دوست محمد خان، ہمایوں مہمند، اقبال خلیل، شوکت جمال امیرزادہ، خواتین نشستوں پرنعیمہ کشور ، ثانیہ نشتر، تسلیم بیگم، فلک ناز، عنایت بیگم، جنرل نشستوں پر ہدایت اللہ خان، عطاء الرحمن، طارق خٹک، شبلی فراز، فیصل سلیم رحمن، محسن عزیز، عباس آفریدی، ذیشان خانزادہ، عطاء الرحمن، تاج آفریدی اور لیاقت ترکزئی میدان میں ہیں۔ ایک اقلیتی نشست پر گوردیپ سنگھ، رنجیت سنگھ، آصف بھٹی اور جاوید گل میں مقابلہ ہوگا ۔