لاہور( کامرس رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے 90 شاہراہ قائد اعظم پر با ہمت بزرگ پروگرام کا افتتاح کر دیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پروگرام کے تحت بزرگ خواتین میں باہمت بزرگ کارڈ تقسیم کئے ۔ وزیر اعلیٰ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں 65 سال اور اس سے زائد عمر کے مستحق بزرگوں کی مالی معاونت کیلئے باہمت بزرگ پروگرام کے تحت 2 ارب روپے کی ابتدائی رقم سے خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے ۔باہمت بزرگ پروگرام کے تحت بزرگ شہریوں کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا ۔انہوں نے بتایاکہ پروگرام سے بے سہارا بزرگ شہریوں کی معاشی مشکلات کم ہوں گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ باہمت بزرگ پروگرام کا آغازبے حد خوش آئند ہے ،وزیراعظم عمران خان نے ریاست مدینہ کا جو تصور دیا ہم اس کے آغاز کی طرف بڑھ چکے ہیں۔ انہوں نے باہمت پروگرام کے اجراء کے حوالے سے اچھی کارکردگی دکھانے پر بہاولنگر کے ڈپٹی کمشنر، سیالکوٹ اور خوشباب کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کو سرٹیفکیٹ دئیے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کے داخلی و خارجی راستے ٹھوکرنیاز بیگ پر خیر مقدمی آرائشی گیٹ باب لاہور منصوبے کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے کہا کہ باب لاہور کی تعمیر سے دوسرے شہروں سے لاہور آنے والوں پر شہر کا خوشگوار تاثر قائم ہو گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور کو نئی شناخت دی ہے ،سابق حکمرانوں نے خوبصورت شہر کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے دیگر داخلی و خارجی راستوں کو بھی خوبصورت بنائیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کے سلسلے میں محکمہ اطلاعات و ثقافت اور لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام الحمرا میں محفل سماع میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے قوال آصف سنتوخان اور ہمنوائوں کو سٹیج پر جاکر داد دی۔