لاہور(وقائع نگار)پنجاب میں اراضی ریکارڈ سے متعلقہ خدمات عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے صوبے میں موبائل اراضی سنٹرز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ موبائل اراضی سنٹرز شروع کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس اقدام سے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب زمین سے متعلقہ خدمات ملیں گی اور درخواست گزار کیلئے اب گھر بیٹھے فرد کا اجرا اور انتقال اراضی ممکن ہو سکے گا۔موبائل اراضی سنٹرز سے خصوصی طور پر بزرگوں، بیمار افراد اور خواتین کو سہولت ملے گی۔ پہلے مرحلے میں 20 موبائل اراضی یونٹس خریدے جن میں جدید آلات لگائے گئے ہیں اور موبائل اراضی یونٹس کو صوبے میں قائم دیگر اراضی سنٹرز سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے منسلک کیا گیا ہے ۔درخواست گزار 042111222277 پر کال کرکے سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ای گورننس کے اس اقدام سے پنجاب میں پٹوار کلچر کا حقیقی طور پر خاتمہ ہوگا۔ ماضی کی حکومتیں ذاتی مفاد کیلئے پٹوار کلچر کو فروغ دیتی رہیں۔محکمانہ اصلاحات سے کرپشن اور روایتی بوسیدہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ریفارمز کے نام پر کھوکھلے دعوے اور جھوٹے وعدوں سے عوام کو دھوکہ دیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے یوم شہداء کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کے دلوں میں جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سے وزیراعلیٰ آفس میں بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اتمن خیل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔پنجاب کے ساتھ بلوچستان کی ترقی بھی عزیز ہے ۔ بلوچستان اور پنجاب کی سرحد پر انڈسٹریل زون بنانے کی تجویز کاجائزہ لے رہے ہیں۔بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اتمن خیل نے کہا کہ پنجاب اب پہلے سے بہت بہتر نظر آتا ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے سابق ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ،ائیروائس مارشل طارق ضیا اورنئے تعینات ہونے والے ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایئر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ایئر کمانڈ کے عہدے پر احسن انداز میں خدمات سرانجام دینے پر ایئروائس مارشل طارق ضیا کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار2روزہ دورے پر آج کوئٹہ جائیں گے ۔