تھرپارکر،اسلام کوٹ(نمائندہ 92نیوز)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک کا ستیا ناس کردیا اورکشمیر کا سودا کرلیا ہے ۔ ہمیں کٹھ پتلی حکومت سے جان چھڑاناہوگی۔عمران خان ظالم اور سندھ دشمن ہے ،کٹھ پتلی کی حکومت گرا کر عوامی حکومت بنا کر رہیں گے ،عمران خان حکومت گرانے نکلا ہوں۔ اسلام کوٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ تھرکے لوگ ظالموں کو ایوانوں سے نکال باہر پھینکیں گے ، تھر والوں نے انگریز کے خلاف بغاوت کی، میں ان بہادر لوگوں کے پاس آیا ہوں، آج پھر صوبوں کے حقوق چھینے جارہے ہیں، آج پھرظالم، کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت کا راج ہے ، سندھ کا پانی چوری کیا جا رہاہے ، اب یہ لوگ کراچی چھینناچاہتے ہیں، اگر آپ میرے ساتھ ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ریموٹ کنٹرول سے ملک کو چلایاجارہا ہے ، جمہوریت شدید خطرے میں ہے ،پاکستان بچانے کیلئے ہمیں اس کٹھ پتلی حکومت کوگرانا پڑے گا، ہم سندھ اورپنجاب کے بارڈر پر احتجاج اور دھرنا دیں گے اوراسلام آباد تک پہنچیں گے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تھرپارکر کے وہ لوگ جن کابجلی کا بل100 یونٹ سے کم ہے وہ پیپلز پارٹی کی حکومت ادا کرے گیایک سال قبل تھر کے عوام سے کیا وعدہ پوراکرتے ہوئے آج (جمعرات)مٹھی میں این ای ڈی یونیورسٹی کیمپس کا افتتاح کروں گا، ہم جو وعدہ کرتے ہیں پورا کرتے ہیں ،یوٹرن نہیں لیتے ۔ اپنے خطاب کے اختتام میں بلاول بھٹو نے مک گیا تیرا شو، عمران گو عمران کے نعرے بھی لگوائے ۔قبل ازیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی صدر سندھ کے نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران جمہوریت پر کالا داغ ہے ، بلاول آخرکار وزیر اعظم بنے گا۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس ہجوم کو دیکھ کر وفاقی حکمرانوں کو اسلام آباد چھوڑ جانا چاہئے ، تھر کے لوگوں کی ری سیٹلمینٹ کی جائیگی، ان کو گھر بناکر دیئے جائینگے ۔ گیان چند نے کہا کہ بلاول! ہم آپ کے ساتھ ہیں، ، بلاول وزیراعظم بنے گا۔