لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی جونیئر سلیکشن کمیٹی نے کام کا آغازکردیا ،سلیکشن کمیٹی کے رکن سابق ٹیسٹ کرکٹرراؤافتخار انجم لاہور کے نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ایل سی سی اے گراؤنڈ پہنچ گئے ۔سابق ٹیسٹ کرکٹرسلیم جعفرکی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی جو نئیر سلیکشن کمیٹی نے اپنے کام کا آغاز کردیا ہے ۔،جونئیر سلیکشن کمیٹی کے اراکین ملک بھر میں جاری ریجنل انڈر۔ 19اکیڈمیز کے دورے کرکے وہاں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے ۔قومی جونئیر سلیکشن کمیٹی کے رکن سابق ٹیسٹ کرکٹر راؤ افتخار انجم نے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جاری لاہور وائٹس کرکٹ ٹیم کے سکلز کیمپ کا دورہ کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راؤافتخار انجم کا کہنا تھا کہ لاہور کے نوجوان کرکٹرز کا ٹیلنٹ دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے خاص طور پر کو چز نے جس طرح ان کھلاڑیوں کی تکنیک پر کام کیا ہے وہ قابل تعریف ہے ۔