لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ولید اقبال نے کہاکہ ابصار عالم پر فائرنگ بڑی تشویشناک با ت ہے وزیرداخلہ نے نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی جلد سے جلد گرفتاری کا کہا ہے امید ہے کہ ابصار عالم جلد صحت یاب ہوجائیں گے ۔ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تشدد کی سیاست اورمظاہروں کا ہمیں ہی نہیں بلکہ ہر حکومت کو سامنارہاہے ۔ حکومت نے ٹی ایل پی سے جو معاہدہ کیا اس کو پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی بات نہیں ہوئی تھی قرارداد پہلے نہیں آسکتی تھی جب ہمیں لگا کہ یہ اسلام آباد پر دھاوا بولنے والے ہیں تو ریاست بھر پور طریقے سے ایکشن میں آئی ۔ پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسمبلی کا سیشن اچانک بلایا گیا ہمارا موقف ہے کہ حکومت نے جو ٹی ایل پی کے سا تھ تین ماہ پہلے معاہدہ کیا تھا اس کے بارے میں انہوں نے کہاتھاکہ پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا لیکن تین ماہ سے ایسا نہیں کیا گیا۔مذاکرات پہلے ہونا تھے جو بعد میں کئے گئے ۔ پی ٹی آئی والے شاید خود کو عقل کل سمجھتے ہیں ۔تجزیہ کار ارشاد احمد عارف نے کہاکہ نظرآرہاہے کہ حکومت نے کسی حکمت عملی کا مظاہرہ نہیں کیا جب انہوں نے تین ماہ پہلے ٹی ایل پی سے معاہدہ کیا تو اس کو پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لایا گیا اگر حکومت لاتی تو اس وقت پی پی، ن لیگ اور دیگر جماعتیں بھی اس کے ساتھ ہوتیں اورٹی ایل پی اکیلی رہ جاتی لیکن حکومت نے پہلے ایکشن کیا ایک پارٹی کو کالعدم قراردینے کے بعدپھر اس سے مذاکرات کئے ۔پیپلزپارٹی نے ماضی میں ایسے معاملات کو گولی چلائے بغیر بات چیت سے حل کیا۔بحران سے پی پی اورن لیگ بھی گزری ہے اس سے پی ٹی آئی کو سبق سیکھنا چاہئے تھا۔