لاہور(گوہر علی)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس ،ریونیو اینڈ اکنامک افیئرز نے 50 ہزار رو پے سے زائد کی خریداری پر شناختی کارڈکی شرط پر تاجروں اور صنعت کارروں کی طرف سے سخت ردعمل پر ایف بی آرحکام کوطلب کرلیا ہے ، کمیٹی نے ملک بھر میں پرائیویٹ بینکوں کی کارکردگی کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے افسروں کو بھی طلب کرلیا ہے ۔ کمیٹی چھوٹی صنعتوں کیلئے حکومت کی طرف سے مراعات کی پیشکش پر ایف بی آر سے بریفنگ لے گی۔سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس ،ریونیو اینڈ اکنامک افیئرز کا اجلاس12دسمبر کو چیئر مین فاروق نائیک کی صدارت میں ہوگا۔اجلاس میں شرکت کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیواور سٹیٹ بینک کے افسروں کوتاکید کردی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں مختلف مسودہ قوانین پر بھی غورکیا جائیگا جبکہ کمیٹی چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی ترقی کیلئے حکومت کی بنائی گئی پالیسی پر بھی بریفنگ لے گی۔ ایف بی آر افسر 50 ہزار سے زائد خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط عائد کرنے پر اپنا موقف پیش کرینگے اور اس شرط عائد کرنے کے اسباب وعوامل پر روشنی ڈالیں گے ۔