لاہور(کامرس رپورٹر، سٹاف رپورٹر) صوبے میں عام صارف کو حکومتی نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی وافر میں دستیابی یقینی بنا نے کیلئے تاجر کمیونٹی میں قیمتوں کے تعین کے سلسلے میں پائے جانے والے تحفظات کو ختم کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے آل پاکستان انجمن تاجراں کے چار رکنی وفد کی مرکزی سیکرٹری جنرل محمد نعیم میر کی سربراہی میں سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران کیا۔ نعیم میر نے چیف سیکرٹری کو بتایا کہ قیمتوں کے تعین کے وقت ڈی سی آفس میں تاجروں کے نمائندوں کو شامل نہیں کیا جاتا جس پر تاجر برادری میں تحفظات پائے جاتے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آ ئندہ قیمتوں کے تعین کے سلسلے میں تاجروں کے نمائندے اور ڈپٹی کمشنرز ملکر کام کرینگے اور اس مقصد کیلئے ہر دو ہفتے بعد مشترکہ اجلاس منعقد کرینگے تاکہ باہمی تعاون سے قیمتوں کا تعین کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ قیمتوں کے تعین کے بعد دونوں کی باہمی مشاورت سے پرائس لسٹ کو میڈیا پر جاری کیا جائے اورڈی سی کی سطح پر تاجروں کی شکایات کا ازالہ نہ ہونے کی صورت میں ڈویڑنل کمشنرز بطور اپیلٹ اتھارٹی کام کریں گے ۔ اعظم سلیمان خان نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پرائس کنٹرول میکانزم کے سلسلے میں تاجر کمیونٹی میں پائی جانیوالی بے چینی اور شکایات کو ختم کیا جائے گا۔ ملاقات میں تاجروں کا پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور قیمتوں کا تعین کرنے والی کمیٹیوں کو الگ الگ کرنے کا مطالبہ تسلیم کر لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ تمام حکومتی اداروں بالخصوص پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ریونیو اتھارٹی سے متعلق تاجروں کی شکایات بھی کمشنرز کو پیش کی جا سکیں گی۔ نعیم میر نے چیف سیکرٹری پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور پنجاب حکومت کو تاجر برادری کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا اور ڈی سی لاہور دانش افضال بھی اس موقع پرموجود تھے ۔