لاہور (نامہ نگارخصوصی) پراسیکیوٹر جنرل پنجاب رانا عارف کمال نون نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشہ کے پیش نظر غیر ضروری سٹاف کو رخصت دیدی۔ رانا عارف کمال نون نے کہا حکومت پنجاب کی ہدایات پر یہ فیصلہ کیا گیا، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کی منظوری کے بعد ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ناصر سیال نے نوٹیفکیشن کا اعلامیہ جاری کردیاجس میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، آئندہ احکامات تک تمام سٹاف ان ہدایات پر عملدرآمد کرے گا، پراسیکیوٹر جنرل آفس کے غیر ضروری افسران اور ملازمین گھروں میں رہیں اور آن لائن ڈیوٹی دیں، ہائیکورٹ میں فرائض انجام دینے والے پراسیکیوٹرز اور ان کا عملہ ڈیوٹی پر رہے گا، تمام برانچز کے انچارج اور سینیئر افسران اپنی حاضری یقینی بنائیں گے ، ملازمین، افسران ڈیوٹی کے بعد اپنے گھروں میں رہیں اور پبلک مقامات پر نہ جائیں۔پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے تمام اضلاع اور خصوصی عدالتوں کے پراسیکیوٹرز کو کیسز بھجوانے سے بھی روک دیا، رانا عارف کمال نون نے کہا صرف اہم اور فوری نوعیت کے کیسز آفس بھجوائے جائیں، مراسلہ ریجنل دفاتر، تمام ضلعی انچارج اور انچارج پراسیکیوٹرز خصوصی عدالتوں کو بھجوا دیا گیا ہے ۔