لاہور(خبرنگارخصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ہارون عمران گل نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب وزیراعظم عمران خان کے مشن کی کامیابی کیلئے کوشاں ہے ۔میڈیکل ایجوکیشن کے معیاراورہسپتالوں کی مینجمنٹ میں بہتری لائیں گے ۔نئے ہسپتال بنائیں گے ،پرانے ہسپتالوں اور طبی مراکز کو اپ گریڈ کریں گے ۔ صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے نئی ٹیکنالوجی کا بھر پور استعمال کیا جائے گا۔سکولوں کی تعمیر ومرمت ،ضرروی سہولتوں کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے سرمایہ کاری کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ عوام کو صحت اور تعلیم کی بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔ماضی میں کسی حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کچھ نہیں کیا لیکن اب تبدیلی آچکی ہے اور ہر سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔عوام کے ساتھ کیا گیا ایک ایک وعدہ پورا کریں گے ، محکمہ صحت میں اصلاحات لارہے ہیں اور اس حوالے سے قانون سازی کی جارہی ہے ۔گزشتہ چند ماہ میں پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں کا معیار بلند ہوا ہے اور ہر حوالے سے بہتر آئی ہے ، مریضوں کو پیش آنے والی مشکلات میں بھی کمی ہوئی ہے ۔