لاہور(حافظ فیض احمد)محکمہ ایکسائز حکام نے مالی سال 2020-21کے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کیلئے شہریوں کوپی ٹی 10 کے چالان فارم ارسال کرنا شروع کر دیئے جن میں 10سے 15 فیصد رعایت دی گئی ہے ۔ ای پیمنٹ کے ذریعے پراپرٹی ٹیکس ادا کرنے پر ٹیکس گزاروں کو 15فیصد جبکہ بینک میں چالان فارم جمع کرانے پر 10فیصد رعایت دی جائے گی،پراپرٹی ٹیکس میں رعایت کی مدت30 ستمبر تک ہو گی ۔ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز حکام نے چالان فارم کی بروقت ترسیل کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں ۔تمام ای ٹی اوز ،اے ای ٹی اوز اور انسپکٹروں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ جلد از جلد ٹیکس گزاروں کونوٹس ان کے گھر پہنچائے جائیں،شہری ایکسائز سہولت سنٹر سے بھی پراپرٹی ٹیکس کے چالان فارم حاصل کر سکیں گے ۔واضح رہے لاہور میں ساڑھے 5لاکھ سے زائد ٹیکس گزاروں کو پی ٹی 10کے نوٹس ارسال کرنے کے لیے محکمہ ایکسائز کے دفاتر کو کاغذ اور دیگر میٹریل فراہم کر دیا گیا ہے ۔ ایکسائز انسپکٹروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور کسی بھی شہری کو اسسمنٹ سے زیادہ ٹیکس بھیجنے پر ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔