لاہور (علی ارشد سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب نے اعلی تعلیمی و ثانوی بورڈ راولپنڈی کے 8افسران کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کی منظوری دیدی۔ امتحانی نمبروں میں غیر قانونی اضافے کی بنیاد پر راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے چئیر مین،سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات و دیگر افسران کیخلاف کاروائی کا نوٹیفکیشن چارج شیٹ کیساتھ جاری کر دیا گیا ہے ۔ پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کیلئے گریڈ 20 پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے سینئر افسر سیکرٹری پنجاب مائنز اینڈ منرلز احسن اقبال کو انکوائری افسر نامزد کیا گیا ہے ۔ روزنامہ 92 نیوز کو موصول دستاویزات کی کاپی کے مطابق ایف ایس سی پارٹ ٹو کے طالبعلم کے راولپنڈی بورڈ کے تحت ہونے والے فزکس کے پیپر میں ہیڈ ایگزامینر کی جانب سے 16 اضافی نمبر دیے گئے تھے ۔ انکوائری رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہو ئے محکمہ ہائر ایجوکیشن نے بورڈ کے 8 افسران کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کی منظوری حاصل کر لی ۔ چئیر مین راولپنڈی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر غلام دستگیر، سیکرٹری ڈاکٹر تنویر ظفر ، کنٹرولر امتحا نات ملک محسن عباس، ہیڈ ایگزامینر ایسوسی ایٹ پروفیسر فزکس گورنمنٹ پوسٹ گریجو یٹ کالج فار بوائز چکوال سلیم رمضان، سینئر کلرک انٹر برانچ راولپنڈی بورڈ زاہد محمود، سپرنٹنڈنٹ سیکریسی برانچ محمدمشتاق،چیف سیکریسی افسر انٹر برانچ طارق محمود ، ریکارڈ لفٹر راولپنڈی بورڈ ظہور قریشی کو 14 دن کے اندر جواب دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن کی نمائندگی کیلئے راولپنڈی بورڈ کے ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن فہیم عالم کو مقرر کیا گیا ہے ۔ انکوائری افسر کاروائی کے آغاز سے 60 دن کے اندر اندر انکوائری کی رپورٹ ہرصورت جمع کرائیں گے ۔