لاہور(سٹاف رپورٹر)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ وممبراسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ پروفیسروارث میر انڈرپاس کے نام کو بحال کیا جائے ۔حبہ خاتون ’’مغلپورہ انڈر پاس‘‘کو کشمیر انڈر پاس کا نام دیا جائے ۔حکومت پرانے تعمیراتی منصوبوں کے نام بدلنے کی بجائے نئے منصوبے بنائے اور انکے نام جو مرضی رکھیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جامعہ نعیمیہ میں اساتذہ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں مفتی محمدعمران حنفی، مولانا عارف حسین، مولانا سید پیر زین العابدین شاہ،ڈاکٹرسلیمان قادری،مولانا غلام مرتضیٰ نقشبندی، مفتی محمدمدنی،مولانا غلام یاسین ،مولانا محب الرسول نوری،مولانا عابد علی ، مولانا شعیب رضا، مفتی فیصل ندیم،مولانا محمدامین سمیت دیگر اساتذہ کرام نے شرکت کی ۔انہوں نے مزید کہا کہ کینال روڈ کو کشمیر روڈ کا نام دیا جانا مناسب ہوگا۔یا پھرحبہ خاتون جو ایک کشمیری شاعرہ ہیں کے نام تبدیل کرکے مغلپورہ انڈر پاس کو کشمیر انڈر پاس کا نام دیا جائے ۔ مزید یہ کہ حکومت نے وارث میر انڈر پاس کے نام کو تبدیل کرتے ہوئے قانون کو بالائے طاق رکھاہے ۔ قانون تو یہ کہتا ہے کہ ا س طرح نام کی تبدیلی بغیر اخبار اشتہار کے نہیں ھو سکتی ہے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس بارے سول سوسائٹی کی تحریک کی بھرپور حمایت کی جائے گی۔