اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی، خصوصی نیوز رپورٹر) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوارتے پشیگو نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں آئی پی یو ایشیاء پیسیفک ریجن کے رکن ممالک پر مشتمل دو روزہ سیمینار سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سپیکر نے پاکستان کی قومی اسمبلی میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پر ایشیا پیسفک خطے کے تیسرے علاقائی سیمینار میں شرکت پر صدر آئی پی یو کا خیر مقدم کیا۔آئی پی یو سیلاب زدہ علاقوں میں معمولات زندگی کی بحالی اور چیلنج پر قابو پانے میں پاکستان کی مدد کرے ۔صدر آئی پی یو نے طوفانی بارشوں اور فلڈ کے نتیجے میں پاکستانی عوام کی پریشانیوں کے ازالے کے لیے سپیکر قومی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پر ایشیا پیسیفک خطے کے تیسرے آئی پی یو کے علاقائی سیمینار کے انعقاد میں سپیکر کی گہری دلچسپی قابل ستائش ہے ۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی، تجارت اور سیاحت میں پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے ذریعے باقاعدہ تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا اور کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لئے پارلیمانی سفارتکاری انتہائی اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔دریں اثنا صدر آئی پی یو دوارتے پشیگونے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز (PIPS) کا دورہ کیا۔ سینیٹر فیصل سلیم رحمان بھی صدر آئی پی یو کے ہمراہ تھے ۔ صدر آئی پی یو نے پی آئی پی ایس لائبریری کا جائزہ لیا اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے ۔بعدازاں سینیٹر فیصل سلیم رحمان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹرپی آئی پی ایس محمد انور نے صدر آئی پی یو کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔