لاہور،راولپنڈی(خصوصی رپورٹ ، رپورٹر 92 نیوز )کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان نے متفقہ طور پر معروف ماہر امراض معدہ و جگر پروفیسر محمد شعیب شفیع کو سینئر نائب صدر منتخب کرلیا ہے ۔ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے سالانہ انتخابات برائے 2020ء کا اعلان کردیا گیا جس کے مطابق پروفیسرمحمد شعیب شفیع سینئر نائب صدر منتخب ہوگئے ، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ، ڈاکٹرز کمیونٹی نے ان کی کامیابی کا خیرمقدم کیا ہے ۔ پروفیسر شعیب شفیع بطور ریجنل ڈائریکٹر کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان راولپنڈی بھی کام کرتے رہیں گے ،وہ سی پی ایس پی میں بطور ڈی جی انٹرنیشنل ریلیشن بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں، وہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی اور بے نظیر بھٹو ہسپتال شعبہ میڈیسن کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں،پروفیسر محمد شعیب شفیع پنجاب حکومت میں 34سال خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ دریں اثنا پروفیسر ظفراللہ چودھری کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے صدر اور پروفیسر محمود ایاز نائب صدر منتخب ہوئے ہیں۔