اسلام آباد(خبر نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)مسلم لیگ ن نے کوروناکی صورتحال پر حکومت سے پٹرول اورڈیزل کی قیمت 70روپے فی لٹرکرنے ،گیس اوربجلی کے بلوںکی ادئیگی میں ایک سال کی چھوٹ دینے ،بجلی و گیس کاٹیرف 33 فیصدکم کرنے ،سکول فیس ادا کرنے کیلئے فنڈ قائم کرنے اورسٹیٹ بینک پالیسی ریٹ میں مزید 2فیصدکمی کامطالبہ کردیا۔مسلم لیگ ن کے سینئررہنما شاہدخاقان عباسی نے پارٹی رہنمائوں کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکورونا وائرس پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ہے ،آج پورا پاکستان لاک ڈاوَن نہیں ،وائرس کے مقابلے کا ایک ہی طریقہ مکمل لاک ڈاؤن ہے ،10ہفتے پہلے یہ سب کر لیناچاہئے تھا،شہبازشریف آئندہ دودن کے دوران قومی سطح پر ایک ایکشن پلان دیں گے جوچارپہلوؤں پر مشتمل ہوگا،پہلے پہلو کے تحت عوام کوآگاہی دی جائے گی،دوسرے میں بچاؤ کاطریقہ بتایاجائے گا،کوروناکے معاملے پرحکومتی حکمت عملی سامنے نہیں آئی،وقت کاتقاضاہے سیاسی اتحادنظرآئے ،حکومت کارویہ مثبت نہیں،وزیراعظم کے گھرسے ایک میل کے فاصلے پرتقریباًکرفیو لگ چکا لیکن عمران خان اس سے نا واقف نظر آتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہاعالمی جائزے کے مطابق 43فیصدپاکستانیوں نے حفاظتی تدابیراختیارنہیں کیں،عوام کو بتانے کی ضرورت ہے کہ اس بیماری سے گھبراناہے ،حکومت بزنس لیڈرزسے مشاورت کر کے معاشی پیکج تیارکرے ۔مصدق ملک نے کہا فوری فیلڈ ہسپتال بنانے اورگھرگھرسکریننگ کی ضرورت ہے ،موبائل سکریننگ وینزبنائی جائیں،آنے والے چند ہفتے پاکستانیوں کے لیے بہت مشکل ہوں گے ،اگلے ایک ماہ میں وائرس سے ایک لاکھ افرادمتاثرہوسکتے ہیں ،لاک ڈاؤن نہ کیاگیا تومتاثرہ افرادکی تعدادلاکھوں تک پہنچ سکتی ہے ۔ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا واضح عدالتی حکم کے باوجود پی ایم ڈی سی مکمل فعال نہ کرنے پر وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ، کورونا شدت اختیارکررہا ہے اور صحت کے شعبے کو ریگولیٹ کرنے والا ادارہ ہی موجود نہیں۔