اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،خبر نگار،سپیشل رپورٹر ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو آگا ہ کیا گیا ہے کہ وزارت آئی ٹی سوشل میڈیا کے رولز’’ آن لائن ہارم ٹو پرسن ‘‘ تیار کر رہی ہے ، ان رولز سے سوشل میڈیاپر جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والوں کی گرفت ممکن ہوجائے گی،آن لائن ہارم رولز پاس ہوگئے تو عام آدمی کو بھی تحفظ ملے گا۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین علی خان جدون کی زیرصدارت ہوا۔ کمیٹی نے وزارت داخلہ حکام کی عدم حاضری پر اظہار برہمی کیا۔سیکرٹری آئی ٹی نے بتایا کہ نیشنل رومنگ پالیسی پر کام کرنے جارہے ہیں۔ ڈائریکٹرایف آئی اے نے بتایا کہ شکایات کے ازالے کے ٹائم فریم پرفریم ورک بنا رہے ہیں۔کمیٹی ارکان نے تانیہ اندروس کی تقرری پراعتراض کیا جس پر کمیٹی نے ڈیجیٹل پاکستان کی فوکل پرسن تانیہ اندروس کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا ہے ۔اجلاس میں فخر امام کے الیکٹرانک ٹرانزیکشن ترمیمی بل پر غور کیا گیا ۔ کمیٹی نے بل پر زین قریشی کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم کردی۔قومی اسمبلی کی ہاؤس اینڈ لائبریری کمیٹی نے پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سی ڈی اے کو پارلیمنٹ ہاؤس اور لاجز میں تعمیراتی کاموں اور سیپج کے خاتمے کیلئے چھتوں کی مرمت کاسروے کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ کمیٹی اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی نے قومی اسمبلی ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے امور پر غور کیا ۔ سینٹ قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے انسانی اعضا عطیہ کرنے والوں کے شناختی کارڈ پر مخصوص نشان لگانے سے متعلق بل مزید غور کیلئے آئندہ اجلاس تک ملتوی کردیا۔ کمیٹی نے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد سابق فاٹا کی سینٹ نشستوں کو صوبوں میں ایڈ جسٹ کرنے کی چیئرمین سینٹ کی تجویز پر آئندہ اجلاس میں غور کرنے کا فیصلہ کیا۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر جاوید عباسی کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں نیب آرڈیننس پر بحث کی گئی،ارکان نے استفسار کیاکہ آرڈیننس میں جو ترامیم کی گئیں تھیں وہ کیا واپس لی گئی ہیں ، ڈی جی آپریشن نیب نے بتایاکہ قومی اسمبلی سے بل واپس لیا گیا تھا ۔فاروق نائیک نے کہاکہ قومی اسمبلی میں بل ارکان کی باہمی مشاورت سے واپس لیا گیا ،یہ اقدام غیر آئینی تھا، آرڈیننس کو صدر کے سواکوئی واپس نہیں لے سکتا۔ وفاقی وزیر اعظم سواتی نے وضاحت کی کہ صدر کی جانب سے آرڈیننس واپس لے لیا جائے گا۔