لاہور(وقائع نگار،کامرس رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ ترقی کے سفر میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والے عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں۔اپوزیشن جماعتوں کو اے پی سی کی ناکامی پر منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہیئے ۔نئے پاکستان میں مفاد پرستوں کے مخصوص ایجنڈے کی رتی بھر گنجائش نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے ہمیشہ غلط بیانی اور جھوٹ کا سہارا لیا۔اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں غلام علی اصغر خان، شہاب الدین خان، غضنفر عباس، تیمور علی لالی، بلال اصغر وڑائچ، احسن جہانگیر، اعجاز خان، عامر عنایت شہانی، اعجاز حسین اور گلریز افضل گوندل شامل تھے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے رکن قومی اسمبلی مخدوم سید مبین احمد،پارلیمانی سیکرٹری معدنیات سردار محمد احمد خان نواز چانڈیہ، مخدوم سید شاہ جمال، مخدوم سید صفدر بخاری،ولی فقیر اورقاضی ظفر نویدوغیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زبانی جمع خرچ کا وقت گزر چکا۔دو برس میں سابق دور کی خرابیوں اور غلطیوں کو درست کیاہے ۔ملتان اوربہاولپور میں سیکرٹریٹ کے قیام کے منصوبے کے لئے ماڈل ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے ۔آئندہ سے جنوبی پنجاب کا سالانہ ترقیاتی پروگرام علیحدہ بنے گا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کافی حدتک کورونا پرقابو پایا جاچکا ہے ۔انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں انسداد کورونا کے لئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا اور ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر چین کی حکومت، قیادت اور عوام کو مبارکباددی ۔وزیراعلیٰ آج پاکستان کی تاریخ میں روزگار کی فراہمی کے لئے سب سے بڑے پروگرام پنجاب روزگار سکیم کا افتتاح کریں گے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے ملک امجد علی نون کو لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباددی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے صحافی لیاقت انصاری سے ملاقات کی اور ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کااظہار کیا۔