کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے آغاز پر پیرکو شدید مندی ریکارڈ کی گئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کو ترجیح دینے کے باعث کے ایس ای100انڈیکس45ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 1089.83پوائنٹس کی کمی سے 44431.80پوائنٹس کی سطح پر آگیاجبکہ87.99فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ہوئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کوایک کھرب91ارب65کروڑ23لاکھ روپے کو نقصان اٹھانا پڑا۔حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت53لاکھ 27ہزار شیئرز کم رہا۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے نئی سرمایہ کاری کے بجائے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث مندی چھاگئی۔ کے ایس ای 30انڈیکس 457.77پوائنٹس کی کمی سے 18264.31پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس740.62پوائنٹس کی کمی سے 30314.27پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 408کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں37کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ، 359میں کمی اور 12میں استحکام رہا ۔مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 80کھرب36ارب85کروڑ20لاکھ روپے سے گھٹ کر78کھرب45ارب19کروڑ97لاکھ روپے ہوگئی ۔مقامی کرنسی مارکیٹوں میں پیر کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ برقرار رہا اور انٹر بنک میں ڈالر154.10روپے جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں154.40روپے کی سطح پر آگیا ۔ علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 1ہزار روپے کی کمی سے ۱یک لاکھ 5ہزار700روپے جب کہ دس گرام سونے کی قیمت 857روپے کی کمی سے 90621روپے ہوگئی ۔چاندی کی فی تولہ قیمت1360روپے مستحکم رہی۔