لاہور (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے انہیں ’پسندیدہ بھابھی‘ نہ کہنے پر مصنوعی غصے کا اظہار کرتے ہوئے مارنے کی دھمکی دے دی۔ شعیب ملک تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کرکٹر بابر اعظم سے لائیو سیشن پر گفتگو کررہے تھے اور بابر اعظم شعیب ملک کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دے رہے تھے ۔لائیو سیشن کے دوران دونوں کرکٹرز اپنے تجربات اور ذاتی زندگی کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کررہے تھے ۔سوال جواب کے دوران شعیب ملک نے بابراعظم سے پوچھا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں جتنے بھی شادی شدہ کرکٹرز ہیں ان کی بیویوں میں سے وہ کس بھابھی کو سب سے زیادہ پسند کرتے ہیں۔بابر اعظم نے سرفراز احمد کی اہلیہ خوش بخت سرفراز کا نام لیا۔شعیب ملک کی اہلیہ نے لائیو سیشن کے دوران کمنٹ سیکشن میں مذاق مذاق میں ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں تمہیں قتل کردوں گی۔