پشاور(سٹاف رپورٹر)محکمہ انسداد دہشت گردی پشاوراور حساس اداروں نے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیاجبکہ ملزمان چھاپے سے قبل ہی فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کیلئے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن شروع کردیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے مئی2019 ئمیں ایک تھریٹ الرٹ جاری کیا تھا جس میں افغانستان سے دہشتگردوں کی پشاور میں بڑی تخریبی کارروائی کیلئے داخل ہونے کی اطلاع دی تھی، دہشتگردوں کی اس کارروائی کو ناکام بنانے کیلئے حساس ادارے سر توڑ کوششوں میں مصروف تھے کہ گزشتہ روز خفیہ اطلاع پر انہوں نے محکمہ انسداد دہشت گردی کے ہمراہ تھانہ متنی کے علاقہ میں کارروائی کرتے ہوئے کھنڈر نما مکان سے 20 عدد 37 ایم ایم مارٹر گولے اور 12 ایم ایم آر آر گولے برآمد کرلئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ملزمان چھاپے سے قبل ہی فرار ہوگئے تھے جن کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔