پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور پولیس نے بھاری مقدار میں خودکار اسلحہ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم گاڑی کے ذریعے اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ تھانہ چمکنی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی سے بھاری مقدار میں جدید خودکار اسلحہ برآمد کر لیا، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے ۔ایس پی رورل علی بن طارق کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود تخریب کاری کی غرص سے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی جس پر پولیس ٹیم نے مشکوک گاڑی نمبر 2987AB کے خفیہ خانوں سے سے 2 عدد کلاشنکوف، 4عدد پستول، تین عدد رائفل، 24عدد میگزین اور سینکڑوں مختلف بور کے کارتوس برآمد کر کے ملزم زرباز خان ولد لال محمد سکنہ اضاخیل متنی کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جس کے خلاف اسلحہ اور دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔