پشاور،راولپنڈی(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی) محکمہ ا نسداد دہشتگردی نے پشاور کو بڑی تباہی سے بچا لیا، ایک دہشتگرد کو خودکش جیکٹ سمیت گرفتار کرلیاگیا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق مبینہ طورپر ایک خطرناک دہشتگرد عبد الحلیم ولد محمد عمر کو قاضی کلے سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا، اس کیخلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ۔ دہشتگرد پشاور کے کسی مصروف علاقہ میں ہجوم کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہاتھا۔ادھر سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے بڑی تعداد میں دھماکا خیز مواد، راکٹس اوراسلحہ برآمد کرلیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے سبی اورکوہلو کے درمیان بھمبور کی پہاڑیوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جسکے دوران دھماکا خیز مواد، راکٹس، مائنز، مارٹرودیگر اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔