پشاور ( سٹاف رپورٹر ،صباح نیوز) پشاور کے نواحی علاقہ پلوسی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خواجہ سرا گل پانڑا قتل جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا جس کی ہسپتال میں حالت تشویشناک ہے ۔ پولیس کے مطابق زخمی خواجہ سرا چاہت نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ پلوسی چالماری میں عماد نامی شخص کی مہندی کی تقریب میں اپنے ساتھیوں شکیل عرف گل پانڑا ، نعیم عرف گڑیا، عدنان عرف عدنانے ، احمد عرف میری اورڈی جے معروف شاہ کے ہمراہ پروگرام کر کے آ رہے تھے کہ ایک شخص نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گل پانڑا ہلاک ہوگیا۔سی سی پی او پشاور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی ہے ، اس ضمن میں تفتیشی ٹیم نے پروگرام کی ویڈیو فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے ، دوسری جانب واقعے کے خلاف خواجہ سرا تنظیموں نے احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔