پشاور(سٹاف رپورٹر)کرونا وائرس کی وجہ سے صوبائی حکومت کی جانب سے شادی بیاہ اور دیگر عوامی اجتماعات پر پابندی کی صورت میں پشاور کے مختلف علاقوں میں شادی کے رنگ بھی سادگی میں ڈھلنے لگے ۔ایسی ہی شادی گڑھی قمر دین میں ہوئی جہاں 2 دولہوں اسماعیل اور اسحاق کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی جو انتہائی سادہ تھی جسمیں قریبی رشتہ دار تک نہیں تھے جبکہ محلہ داروں تک کو خبر نہیں ہوئی ۔اس موقع پر دلہوں کا کہنا تھا کہ خواہش تو بہت تھی کہ دوست و احباب شریک ہوں تاہم کرونا وائرس کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہو سکا جبکہ دوستوں اور رشتہ داروں سے واٹس ایپ پر اپیل کی کہ دعاوں میں یاد رکھا جائے اور امید کی جو وبائی مرض اس وقت پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے اس سے جلد پوری انسانیت کو نجات مل جائے ۔