پشاور(ذیشان کاکا خیل)بی آر ٹی روٹ میں ایک اور نقص کا انکشاف ہوا ہے ،پشاور کے بی آرٹی منصوبے میں سنہری مسجد کے قریب پل کے موڑ میں بس نہیں مڑ سکتی، پل کے اس حصے کو توڑ کر کشادہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق بی آر ٹی روٹ پر 18میٹر لمبی بسیں چلیں گی مگر اب پی ڈی اے اور اس پر کام کرنے والے دوسرے اداروں اور انجینئرز کو یہ احساس ہو گیا ہے کہ پل کے اس موڑ سے بسیں مڑ نہیں سکیں گی اور موڑ کاٹنے ہوئے ان بسوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے بعد بی آر ٹی کی پل کے اس حصے کوتوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے اب دو ستون بنانے پر کام بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ دونوں اطراف کی بسوں کو مڑنے کیلئے کشادہ جگہ مہیا کیا جا سکے ۔ذرائع کے مطابق انجینئرز کو گزشتہ دنوں ہی اس خامی کا ادراک ہوا جس کے بعد وہاں نئے ستون بنانے پر کام شروع کردیا گیا ہے اور اب ان ستونوں پر سڑک کی چوڑائی بڑھا دی جائے گی ۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس نقص پر کسی انجینئرز کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا اور نہ ہی کسی کے خلاف کارروائی کی گئی کیونکہ اس کا نقصان ٹھیکیدار ہی برداشت کرے گا۔