لاہور، پشاور، ساہیوال ، راہوالی، ملتان ( کرائم رپورٹر، سٹاف رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار، جنرل رپورٹر) پشاور میں مریم زئی میں جائیداد کے تنازع پر فریقین کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ، تھانہ انقلاب پولیس کے مطابق فریق اول سے حضرت بلال کی بیوی فاطمہ نے رپورٹ درج کرائی اور بتایا گزشتہ شب اسکا شوہر حضرت بلال ، رشتہ دار محمد راحیل کے ہمراہ رشتہ داروں کے گھر سے واپس آرہا تھا ، مریم زئی کے مقام پر بختیار، امجد ، اسلام زیب اور سید نے اُن پر فائرنگ کردی ، بلال اور راحیل دم توڑ گئے ، فریقین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، دوسرے فریق کا مسعود بھی جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق فریقین کے مابین عرصہ 25 سال سے جائیداد کے تنازعہ چلا آرہا ہے اب تک متعدد افراد قتل ہوچکے ہیں۔ ساہیوال میں نا معلو م ملزمان کی فائرنگ سے 22سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا، تھانہ نورشاہ کے علاقہ لونگانوالی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان نیئر جاں بحق ہو گیا۔ راہوالی میں سنوکر کلب پر جوا کھیلنے کے جھگڑا پر فائرنگ کرکے رکشہ ڈرائیور کو قتل کردیا گیا، ،محلہ جمیل پورہ شرقی راہوالی کے ابراہیم کا جندریا روڈ پر سنوکر کلب میں کھیلتے ہوئے جوئے کے تنازع پر رکشہ ڈرائیور انعم شہزاد سکنہ لمبانوالی روڈ اور اسکے ساتھیوں سے جھگڑا ہوگیا ، لوگوں نے معاملہ رفع دفع کرادیا ، رات 10بجے کے قریب رکشہ ڈرائیور ابراہیم کے محلہ جمیل پورہ میں سواری چھوڑنے کیلئے گیا ، دکان سے سگریٹ لینے کیلئے رکا ، ملزم نے اسے دیکھ لیا اور فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ قلعہ گجر سنگھ میں25سالہ جواں لڑکی کو قتل کرکے مبینہ قاتل خاوند فرار ہو گیا ، نکلسن روڈ فلیٹ میں پولیس کو مغلپورہ کی لڑکی عروج کی لاش ملی ، مقتولہ کی 7 ماہ قبل دلاور سے پسند کی شادی ہوئی تھی ، دونوں مقامی اخبار میں کام کرتے تھے ، ورثا نے الزام عائد کیا مقتولہ کے 7 ماہ سے خاوند سے لڑائی جھگڑے چل رہے تھے ، اور دلاور نے ہی عروج کو قتل کیا ہے ، پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق لڑکی کے سر میں گولی نزدیک سے لگی، نماز جنازہ ادا کردیا گیا۔ ملتان میں مختلف واقعات میں معروف سٹیج ڈانسر سمیت 2افراد کو قتل کردیا گیا ، ملتان کے علاقے محلہ نظام آباد چونگی نمبر 8 میں سٹیج ڈانسر عامر گوگی اپنے گھر میں موجود تھا ، دوست ہارون نے اپنے ساتھی کے ہمراہ آ کر فائرنگ کرکے مار دیا، کبیر والا میں بارہ میل کے نواحی موضع باقر پور کا نواز کار پر جا رہا تھا پل چاون کے نزدیک نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اس پر فائر نگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے ۔