پشاور(سٹاف رپورٹر)حیات آباد آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں زخمی ہونے والا پاک آرمی کا لانس نائیک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے ساتھ آپریشن میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 2 ہوگئی ہے ۔ شہید لانس نائیک ظفر اقبال کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی جس میں کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔ قانون نافذ کرنے اداروں اور دہشت گردوں کے مابین ہونے والا مقابلہ منگل کی دوپہر کو تمام 5 دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد ختم ہوا تھا۔ آپریشن میں اینٹی ٹیررازم سکواڈ کا اسسٹنٹ سب انسپکٹر قمر عالم موقع پر ہی شہید ہوا تھا جبکہ 2 آرمی اور ایک پولیس اہلکار سمیت 5 افراد زخمی ہوئے تھے ، ان زخمیوں میں پاک آرمی کا لانس نائیک ظفر بھی شامل تھا جو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں زیر علاج تھا۔ پولیس ترجمان کے مطابق مجروح ظفر ہفتہ کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا ۔شہید کا جسد خاکی ان کے آبائی علاقے خوشاب لے جایا جائیگا،شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائیگا۔