پشاور(ذیشان کاکاخیل )پشاور شہر میں مانیٹرنگ کیلئے نصب سی سی ٹی وی کیمرے خراب ہونے سے جرائم میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا،شہر کے مختلف مقامات میں نصب 130 کیمروں میں سے صرف 8 فعال ہیں ۔پشاور شہر کی مین شاہراؤں حیات آباد ،صدر،کارخانو،اسمبلی چوک ،حاجی کیمپ ،جی ٹی روڑ ،رنگ روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر لگائے گئے 130کیمرے خراب ہوگئے ہیں ،ذرائع کے مطابق بی آر ٹی منصوبہ شروع ہوتے ہی جہاں شہر کا حلیہ بگاڑا گیاوہاں کیمروں کانظام بھی درہم برہم کردیا گیا، بی آر ٹی منصوبے پر کام شروع کرتے وقت ان قیمتی کیمروں کو ہٹانے کی زحمت تک گورا نہیں کی گئی اور ان کیمروں کو اکھاڑ کر پھینک دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایک، ایک کیمرے کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے اورتقریبا 2کروڑروپے مالیت کے کیمرے ضائع ہوگئے ہیں۔ ٹریفک ترجمان رشید خان نے بتایا کہ پی ڈی اے کو مراسلہ لکھا گیاہے ۔بی آر ٹی منصوبہ مکمل ہوتے ہی دوبارہ کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔