پشاور(صباح نیوز)صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا شاہ محمد خان وزیر نے کہا ہے کہ بی آر ٹی میں سفر کیلئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو سفری کارڈ بنوا کر بھیج دیا ہے ۔ گزشتہ روزصوبائی وزیرشاہ محمد خان وزیرنے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ بلاول بھٹو بی آرٹی پر تنقید کررہے ہیں اسلئے ان کا سفری کارڈ بنوایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو آئیں انہیں بی آرٹی کی سیر کرائیں گے اور مہمان نوازی بھی کریں گے ۔ بلاول بھٹو کو دکھائیں گے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے عوام کیلئے بی آر ٹی بنائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ امید ہے سندھ حکومت بھی گرین بس کا ایک کارڈ مجھے بھی بھیجے گی۔انہوں نے کہا کہ بی آرٹی جون 2021 میں مکمل ہونا تھی ہم نے سال پہلے بنالی ہے جبکہ اپوزیشن سے بی آرٹی منصوبہ ہضم نہیں ہورہا۔انہوں نے مزید کہا کہ بی آر ٹی تیار ہے وزیر اعلی خیبرپختونخوا جیسے ہی سگنل دیں گے افتتاح کردیا جائے گا۔