اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی،ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے ملک کی پہچان ہے ، حکومت قومی ایئر لائن کو منافع بخش اور فعال ادارہ بنانے کے لئے کوشاں ہے ، ماضی کی منافع بخش ائیر لائن اور ہوابازی کے شعبے میں خطے کا سرکردہ ادارہ بد انتظامی اور غفلت کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوا۔منگل کووزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر ہوابازی غلام سرور خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، سیکرٹری ہوابازی شاہ رخ نصرت، سیکرٹری خزانہ نوید کامران، سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک، طیارہ ساز ادارے کے نمائندگان و سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ پی آئی اے کی موجودہ انتظامیہ کی شب و روز کاوشوں کی بدولت ادارے کے خسارے میں مسلسل کمی آر ہی ہے ۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں ائیر ٹرانسپورٹ کا خاطر خواہ پوٹینشل موجود ہے جو کہ آئندہ بیس سالوں میں دوگنا سے بھی زائد تک بڑھے گا۔ طیارہ ساز ادارے کے نمائندگان کی جانب سے وزیر اعظم کو نئے جہازوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔