ویلنگٹن (سپورٹس ڈیسک)بھارت نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنالئے ، بارش کے باعث 55 اوورز کا کھیل ہوا،اجنکیا راہانے 38 اور وکٹ کیپر ریشبھ پانٹ 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ،کائل جیمسن نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ جمعہ کو بیسن ریزرو ولنگٹن میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہوا تو میزبان ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی، بھارت کی طرف سے پرتھوی شا اور میانک اگروال نے مایوس کن انداز میں اننگز کا آغاز کیا،بھارتی ٹیم کے کپتان سمیت پہلے تین کھلاڑی 40 مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے ،پرتھوی شا 16 ، چیتشوار پوجارا 11 ،کپتان ویرات کوہلی محض 2،میانک اگروال 34، ہنوما ویہاری 7 رنز بناکر کائل جیمسن کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے ۔ پہلے روز کے 55 اوورز مکمل ہوئے تھے کہ شدید بارش شروع ہوگئی جس کے بعد پھر دوبارہ میچ نہیں شروع ہوسکا ۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے کائل جیمسن نے تین جبکہ ٹم سائوتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔