لاہور(خبرنگارخصوصی)صوبائی وزیر خوراک سمیع اﷲ چودھری نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کی جانب سے ضرورت سے زیادہ خریداری اور سپلائی چین متاثر ہونے سے آٹے کی قلت اور قیمیتں بڑھنے کے خدشہ کے پیش نظر محکمہ خوراک پنجاب نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔جس کے تحت آٹے کی سپلائی میں 33فیصد اضافہ کیا گیاہے ۔20 کلو آٹے کے تھیلے کی روزانہ کی بنیاد پر سپلائی کو 7لاکھ 76ہزارسے بڑھا کر 10لاکھ35ہزار کردیا گیا۔روزانہ کی بنیاد پر ریلیز کی شرح 25ہزار 894ٹن سے بڑھ کر 30ہزار 154ٹن ہو گئی ہے ۔صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ محکمہ خوراک کی جانب سے لوگوں کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن کا قیام عمل میں لایا ہے ۔عوام کی سہولت اور آٹے کی سرکاری ریٹ پر فروخت و دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ٹرک پوائنٹس اور فیر پرائس شاپس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فلور ملز کو روزانہ کی بنیاد پرگندم کی ریلیز کو25 ہزار 680میٹرک ٹن سے بڑھا کر 30ہزار میٹرک ٹن کردیا ہے ۔