چندی گڑھ ، نئی دہلی (اے پی پی، این این آئی ) کانگریس رہنما وینو امیپارا نے کہا ہے پلوامہ حملہ بھارتی حکومتی جماعت بی جے پی نے انتخابات جیتنے کیلئے خود کرائے ، انہوں نے کہا جب بھی الیکشن قریب ہوتے ہیں، بی جے پی ایسا کچھ کر جاتی ہے ۔2002ء کے انتخابات سے پہلے گودھرا حملے کرائے گئے ۔ پی جے پی کو اگلی فلم کے لیے سکرپٹ چاہیے ، اس لیے پلوامہ حملہ کرایا گیا۔ دریں اثنا بھارتی ریاست پنجاب کی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف اور پنجاب ایکتا پارٹی کے صدر سکھپال سنگھ کھیرا نے کہاہے بھارتی فوج اور دیگر فورسز اہلکارکشمیر میں عصمت دری اور جعلی مقابلوں جیسے مظالم میں ملوث ہے ، کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سکھپال سنگھ کھیرانے فیس بک پر بیان میں پلوامہ دھماکے پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کی شکایات جائز ہیں جن کو حل کرنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا جب بھی جنگ جیسی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے اور ہماری فوج پرکشمیر میں عصمت دری اوردیگر مظالم ڈھانے کے الزامات ہیں، حا ل ہی میں ایک فوجی افسر میجر گوگوئی نے پتھرائو سے بچنے کے لیے ایک شخص کو اپنی جیپ کے آگے باندھ دیااور یہ سلوک ایک جانور کے ساتھ بھی نہیں کیا جاتا، کچھ چیزیں ناقابل دفاع ہیں اور یہ بدقسمتی ہے کہ امریندر سنگھ نے گوگوئی کا دفاع کرنے کے لیے مضامین لکھے ، جب کشمیر کے مہاراجہ نے بھارت کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا تو کشمیریوں کی اکثریت اس کے حق میں نہیں تھی۔