لاہور(سلیمان چودھری ) حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پنجاب میں رواں سیشن کے نرسنگ سکولوں میں داخلے ہی نہ ہوسکے ۔ 1700 سیٹوں پرداخلہ نہ ہونے کی وجہ سے بچیاں نرسنگ کی تعلیم سے محروم رہ گئیں۔صوبہ کے 43نرسنگ سکول اس وقت ویران پڑے ہیں اور ان میں تعلیمی سرگرمیاں بند ہو گئی ہیں۔پاکستان نرسنگ کونسل کی جانب سے تین سالہ نرسنگ ڈپلومہ بند کر دیا گیا اور چار سالہ نرسنگ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دی گئی تھی ۔ہر سال ڈپلومہ میں داخلہ لینے کے لیے 23ہزا ربچیاں 1700سیٹوں کے لیے درخواستیں دیتی ہیں،ادھر پنجاب کے 43 نرسنگ سکولوں میں سے صرف 15 کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے پیش رفت کی جاسکی جبکہ بی ایس نرسنگ کیلئے ساڑھے 56 کروڑ روپے کے مطلوبہ فنڈز بھی فراہم نہیں کئے گئے ۔ ڈپلومہ بند ہونے سے پنجاب کے سرکاری نرسنگ سکول ویران پڑگئے ہیں۔نرسنگ میں داخلے نہ ہونے سے ہزاروں طالبات شدید مایوسی سے دوچار ہیں،اس حوالے سے ڈی جی نرسنگ پنجاب کوثر پروین نے کہا کہ پاکستان نرسنگ کونسل کے فیصلے کے بارے میں محکمہ کو لکھا گیا اور درخواست کی گئی کہ وفاقی حکومت سے رابطہ کر کے ڈپلومہ میں داخلہ جاری رکھنے کی اجاز ت لی جائے لیکن ایسا نہ کیا گیا ۔انہو ں نے کہا کہ 1700بچیاں داخلہ لینے سے محروم رہ گئی ہیں جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں علاج معالجہ بھی متاثرہو گا ۔