لاہور،موسیٰ خیل(خصوصی نمائندہ،نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار کرپشن پربڑے بڑے لوگ قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہیں۔ سابق حکومتوں کے ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی ۔ لوٹ مارکا دورنئے پاکستان میں نہیں چل سکتا۔ماضی کے حکمرانوں کے ذاتی بینک بیلنس دن دگنی رات چوگنی ترقی کرتے رہے اور دوسری طرف عوام مسائل کی چکی میں پستے رہے ۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان بدل رہا ہے اور شفاف پاکستان کی بنیاد رکھی جاچکی ہے ۔گزشتہ روز ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پوری قوم کرپشن کی انتہا کرنیوالوں کا حساب چاہتی ہے ، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ، یہ نیا پاکستان ہے ،یہاں سب قانون کے تابع ہیں اور تبدیلی یہی ہے کہ اپنے وقت کے حکمران بھی کرپشن کے الزام میں پکڑ میں آگئے ہیں۔ جس نے بھی کرپشن یا غلط کام کیا،اسے انجام بھگتنا ہوگا۔ سرکاری خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔قومی دولت لوٹنے و الوں کو پائی پائی کا حساب دینا ہوگا۔ گزشتہ 10برس میں میگا پراجیکٹس کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم رہا،سابق حکمرانوں کے دور میں سرکاری خزانے کو لوٹا گیا اورہر ادارے میں کرپشن کی گئی۔ کرپشن اور قرضوں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا یا۔ تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کیخلاف جہادکررہی ہے ۔ دریں اثنا میانوالی ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ میانوالی کو ماڈل ضلع بنائیں گے ۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے نمل یو نیورسٹی میں وزیر اعظم عمران خان کی جا نب سے ٹیچنگ ہسپتال ومیڈیکل کالج کے سنگ بنیاد کی تقریب میں بھی شرکت کی،ارکان پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر، امین اﷲ خان اور عبدالرحمٰن المعروف خان ببلی نے ملا قات میں وزیر اعلیٰ کو علا قائی ترقیاتی پر اجیکٹس و مسائل سے آگا ہ کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تعزیتی پیغامات میں ممتاز عالم دین علامہ منیر احمد یوسفی اور سینئر صحافی شبیر چودھری کے انتقال پر گہرے دکھ ، افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔وزیراعلیٰ آفس کے کمیٹی روم میں ہونیوالے اجلاس میں 19نکاتی ایجنڈا زیر غور آئیگا۔