وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سلاب زدگان کے لئے آنے والی امداد میں سے پنجاب کو کچھ نہیں دیا۔سیلاب متاثرین کے گھر بنانے کے لئے وفاقی حکومت کی طرف سے حصہ بھی نہیں دیا گیا۔ حالیہ سیلاب سے سندھ اور بلوچستان کی طرح پنجاب اور خیبر پی کے بھی متاثر ہوئے ہیں لیکن وفاقی حکومت کا امداد اور متاثرین کی بحالی کے لئے پنجاب حکومت کی مدد نہ کرنا باعث افسوس ہے۔وفاقی حکومت کے اس رویے سے صوبہ پنجاب اور وفاق کے درمیان تفریق مزید بڑھے گی۔ جس کے باعث ملک و قوم کا نقصان ہو گا۔ابھی بھی وفاق نے پنجاب حکومت کے 146ارب روپے کے واجبات روک رکھے ہیں۔جس کے باعث پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں سے لے کر عوام کی فلاح و بہبود کے کئی منصوبے رکے ہوئے ہیں۔ پنجاب اپنی مدد آپ کے تحت سیلاب متاثرین کی مدد کر رہا ہے۔وفاقی حکومت کی جانب سے رقوم نہ جاری کرنے کے باعث سیلاب متاثرین کی مدد بھی نہیں ہو پا رہی۔بلکہ وفاق نے جو سیلاب متاثرین کے مکانات بنانے کا اعلان کر رکھا ہے اس بارے میں بھی پنجاب حکومت کو کچھ نہیں دیا۔یہ صورتحال انتہائی پریشان کن ہے۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے حال ہی میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے ٹیلی تھون کی تو انہوں نے چاروں صوبوں کے عوام کو پیسے دینے کا اعلان کیا ہے لیکن وفاقی حکومت کے اس رویے کے بعد پنجاب سے تعلق رکھنے والے متاثرین سراپا احتجاج ہیں، آنے والے انتخابات میں اتحادی جماعتوں کو اس کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔