لاہور،ملتان، راولپنڈی،اسلام آباد(جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر،رپورٹر92 نیوز،صباح نیوز) پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں ڈینگی بے قابو ہونے لگا، 24گھنٹوں کے دوران783 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،ڈینگی کے وار تیز ہونے سے پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر سے ڈینگی کے 402 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ گذشتہ روز لاہور سے ڈینگی کے 319 مریض رپورٹ ہوئے ، اٹک اور اوکاڑہ سے ڈینگی کے 6 ،6 مریض رپورٹ ہوئے ،بہاولنگر، فیصل آباد اور ننکانہ صاحب سے 4 چار جبکہ گوجرانوالہ اور سرگودھا سے 3 تین مریض سامنے آئے ۔ ڈیرہ غازی خان، قصور اور سیالکوٹ سے 2 دو مریض رپورٹ ہوئے ۔ رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے 6189 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں، لاہور سے ڈینگی کے 4539 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں ، اب تک ڈینگی سے 18 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ گذشتہ روز لاہور میں 1172 ان ڈور اور آؤٹ ڈور مقامات سے لاروا تلف کیا گیاہے ۔ نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 7 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہو گئی ۔راولپنڈی میں مزید 72 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہو گئے ، اسلام آباد میں 152اور خیبرپختونخوا میں 229نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ڈاکٹر زعیم ضیا کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 152 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، کل کیسز1801 ہوگئے ۔دوسری جانب خیبرپختونخوا میں ڈینگی پنجے گاڑنے لگا ،گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی کے 229نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 3796ہوگئی۔