وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بلوچستان کے دو وزراء کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ بڑے بھائی کی حیثیت سے پنجاب بلوچستان کی ترقی ،مدد اور معاونت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے پنجاب کی آٹھ ویمن یونیورسٹیوں میں 360 سیٹیں بلوچستان کی طالبات کے لئے مختص کر دی ہیں۔ یہ ایک سیاسی و تاریخی حقیقت ہے کہ پنجاب نے ہمیشہ سے ہی باقی صوبوں کے لئے بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے،خصوصاً بلوچ عوام کے لئے پنجاب میں محبت اور ہمدردی کے گہرے جذبات پائے جاتے ہیں۔اس میں بھی کوئی دو رائے نہیں کہ ماضی میں بلوچستان کی تعمیر و ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی،جس سے وہاں پر مایوسی کے احساسات نے جنم لیا۔موجودہ حکو مت نے پنجاب اور بلوچستان کو قریب لانے کے لئے کئی ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں۔پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچ طلبہ کے لئے اضافی نشستوں کے کوٹے مختص کرنے سے دونوں صوبوں کے درمیان نہ صرف ہم آہنگی کو فروغ ملے گا بلکہ اس سے بلوچستان کے عوام کے دلوں سے اس احساس محرومی کا خاتمہ بھی کیا جا سکے گا،جو ماضی کے ادوار میں ہمارے بعض عاقبت نااندیشانہ فیصلوں کی وجہ سے پیدا ہوا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور تعلیم کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات نہ صرف قابل تحسین ہیں بلکہ یہ صوبوں اور وفاق کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ کے لئے وقت کی اہم ضرورت اور دوسرے صوبوں کے لئے بھی قابل تقلید ہیں۔